کراچی: کورونا کیسز کی شرح 20 فیصد، اومیکرون کی شرح 95 فیصد

January 12, 2022

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد سے زائد جبکہ اومیکرون کی شرح 95 فیصد سے زائد ہو گئی۔

محکمۂ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے 6 ہزار 48 ٹیسٹ کیے گئے۔

اس دوران کراچی میں 1 ہزار 223 مزید نئے کیسز سامنے آئے جس کے ساتھ کورونا مثبت کیسز کی شرح 20 اعشاریہ 22 فیصد ہو گئی۔

کراچی میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز کی شرح 95 فیصد سے زائد ہو چکی ہے۔

محکمۂ تعلیم سندھ کی ہدایت پر کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسی نیشن مرکز میں 12 سے 18 سال تک کے طلبہ و طالبات کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔

صوبۂ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 90 ہزار 10 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 691 ہو گئیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 4 فیصد سے زائد ہو گئی، جبکہ اس سے اموات میں بھی اچانک اضافہ سامنے آیا ہے۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 74 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 13 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 446 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 70 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 987 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہو چکی ہے۔