• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا کیسز اور اموات میں اچانک اضافہ


پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 40 ویں نمبر پر آ گیا، تاہم یہاں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 4 فیصد سے زائد ہو گئی، جبکہ اس سے اموات میں بھی اچانک اضافہ سامنے آیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 74 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 13 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 446 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 70 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 987 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 20 ہزار 562 زیرِ علاج مریضوں میں سے 628 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 59 ہزار 699 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 44 ہزار 120 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 39 لاکھ 35 ہزار 232 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں اب تک کُل 16 کروڑ 21 لاکھ 15 ہزار 885 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 7 کروڑ 38 لاکھ 62 ہزار 234 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 90 ہزار 10 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 691 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 48 ہزار 924 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 83 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 81 ہزار 842 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 945 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 9 ہزار 660 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 967 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 34 ہزار 715 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 748 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 33 ہزار 664 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 367 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 433 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 186 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید