شاہ رخ جتوئی کی جیل سے اسپتال منتقلی، تحقیقات کا حکم

January 12, 2022


محکمہ داخلہ سندھ نے شاہ رخ جتوئی سمیت جیل سے قیدیوں کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری جیل خانہ جات تین دن میں تحقیقات کی رپورٹ جمع کروائیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں شاہ زیب خان قتل کے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی کے سینٹرل جیل کراچی کے بجائے گزری میں واقعے نجی اسپتال کی بالائی منزل پر شاہانہ زندگی گزارنے کے انکشاف کے بعد اعلیٰ حکام میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ رخ جتوئی سے متعلق یہ اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملزم کئی ماہ سے جیل کے بجائے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں رہ رہا ہے، اسپتال شاہ رخ جتوئی کے خاندان نے کرائے پر حاصل کر رکھا ہے۔

ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق ملزم کو محکمہ داخلہ سندھ کےحکم پر جیل سے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ اب شاہانہ زندگی گزار رہا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ شاہ رخ جتوئی کی جیل سے نجی اسپتال منتقلی کے پیچھے سندھ کی اعلیٰ شخصیت کا ہاتھ ہے۔

عدالت سے سزا ملنے کے بعد شاہ رخ جتوئی سزا یافتہ مجرم ہے اور قیدی کے بجائے عام انسانوں والی زندگی گزار رہا ہے۔