کالعدم القاعدہ کا مبینہ دہشتگرد کراچی پہنچتے ہی گرفتار

January 14, 2022

لائنز ایریا کراچی سے گرفتار کیا گیا کالعدم القاعدہ کا مبینہ دہشت گرد سید کاشف علی شاہ عرف شاہین

سندھ پولیس کے شعبۂ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں کارروائی کر تے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب کالعدم القاعدہ و جند اللّٰہ سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد کو کراچی پہنچنے پر کر لیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق 39 سالہ سید کاشف علی شاہ عرف شاہین کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ کی ریڈ بک کے نویں ایڈیشن میں رجسٹرڈ ہے۔

ملزم کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر محکمۂ داخلہ سندھ نے 5 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم کراچی میں 2004ء کے دوران کور کمانڈر کراچی پر حملہ کرنے والے گروہ میں شامل تھا۔

ملزم پنجاب کے مختلف شہروں کے علاوہ راولپنڈی میں بھی روپوش رہا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم گزشتہ روز کراچی پہنچا تو خفیہ اطلاع ملنے پر اس کی گرفتاری عمل میں آئی، ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

ملزم کے بارے میں یہ بھی خفیہ اطلاعات ہیں کہ ملزم مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کراچی میں دہشت گردی کے سلیپر سیل چلانے کی کوشش کر رہا تھا اور کسی بڑی کارروائی کے لیے کراچی آیا تھا۔