لیاقت قائم خانی کی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ضمانت منظور

January 14, 2022

نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کے ملزمان کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا، سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کی باغ ابن قاسم کیس میں ضمانت منظور ہوگئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی، وہ 2 سال سے قید میں تھے۔

عدالت نے لیاقت قائم خانی کا پاسپورٹ ضبط کرنے اور نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم بھی دیا ہے جبکہ کیس میں شریک ملزمان ٹرائل بروقت مکمل نہ ہونے پرپہلے ہی ضمانت لے چکے ہیں۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ٹرائل مکمل نہ ہونے کی کئی وجوہات ہیں جن کے ذمہ دار لیاقت قائمخانی نہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت لیاقت قائمخانی کی درخواست ضمانت منظورکی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت بھی ترمیمی آرڈیننس کے تحت پہلے ہی کنفرم ہوچکی ہے۔