راول ڈیم، خودکشی کرنیوالی خاتون کی لاش پاک بحریہ کے غوطہ خور کو مل گئی

January 15, 2022

پاک بحریہ کے غوطہ خوروں نے راول ڈیم میں خودکشی کرنے والی خاتون کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران خاتون کی لاش مل گئی۔

پاکستان نیوی کے ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے غوطہ خور عبدالرحمٰن نے رات میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے لاش کو تلاش کر لیا۔

پاکستان نیوی کے ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے غوطہ خور عبدالرحمٰن نے رات میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے لاش کو تلاش کر لیا اور لواحقین کے سپرد کر دیا۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ راول ڈیم پر موجود پاک بحریہ کی یہ غوطہ خور ٹیم گزشتہ کئی برسوں سے اسلام آباد سمیت شمالی علاقہ جات میں متعدد کامیاب سرچ آپریشن سر انجام دے چکی ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موجود اپنی نوعیت کی اس واحد غوطہ خور ٹیم کا اولین مقصد کسی بھی حادثے کی صورت میں عوام کو فوری معاونت فراہم کرنا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاک بحریہ کے حوصلہ مند جوان کسی بھی ناگہانی صورتِ حال میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی رہائشی دوشیزہ نے جمعے کو راول ڈیم میں چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی تھی۔

پنجگراں اسلام آباد کی رہائشی مذکورہ خاتون اپنے والدین سے ناراض ہو کر 20 روز سے صادق آباد راولپنڈی میں اپنی 1 دوست شامینہ کے گھر میں رہ رہی تھی۔

گزشتہ شام وہ دوست کے گھر سے نکلی اور راول ڈیم میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔