بیلجیئم: بجلی اور گیس قیمتوں میں اضافہ پر حکومتی وارننگ جاری

January 16, 2022

فوٹو: فائل

بیلجیئم میں نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید 36 فیصد اضافہ ہوگیا ہے، یہ اضافہ گذشتہ سال دسمبر میں ہونے والے اضافے کے علاوہ ہے۔

یہ بات بیلجیئم میں سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے کنزیومر پروٹیکشن کی جانب سے جاری کردہ ایک وارننگ میں سامنے آئی۔

اس وارننگ میں لوگوں کو بتایا گیا کہ اس ماہ ان کے بجلی کے بلوں میں مزید اضافہ سامنے آسکتا ہے کیونکہ انرجی کمپنیاں لوگوں سے ایڈوانس بل کی رقم میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں۔

یاد رہے کہ بیلجیئم میں انرجی کمپنیاں ہر صارف کی سالانہ ضرورت اور اس کے استعمال کی بنیاد پر ایک تخمینہ بل طے کر لیتی ہیں اور پھر اسے 12 ماہ پر تقسیم کر لیتی ہیں۔ اس طریقہ کار کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ سال کے آخر میں صارف پر ایک دم دباؤ نہیں پڑتا۔

لیکن اس وقت صورتحال یہ ہے کہ انرجی کمپنیوں نے دنیا بھر میں توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی بنیاد پر شہریوں سے ایڈوانس بل میں کافی اضافہ کردیا ہے، جس سے عام صارفین کو اپنے بلوں کی ادائیگی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

اس صورتحال کے پیش نظر کنزیومر کے تحفظ کی وزارت نے لوگوں کے لیے یہ وارننگ جاری کرنے کے علاوہ آئندہ ہفتے اس موضوع پر انرجی کمپنیوں کی ایسوسی ایشن سے بھی بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔