لیبیا کا غیرقانونی نقل مکانی کیخلاف بین الاقوامی تعاون پر زور

January 17, 2022

طرابلس(خبر ایجنسی) لیبیا کی وزیرخارجہ نجلا منگوش نے غیرقانونی نقل مکانی کے خلاف بین الاقوامی تعاون پر زور دیا ہے۔ منگوش نے یہ بات دارالحکومت طرابلس میں غیر قانونی تارکین وطن کو امداد فراہم کرنے کے حکومتی اقدامات کے حصہ کے طور پرغیرقانونی تارکین وطن کے مرکز کیدورے کے موقع پر کہی۔ وزیرخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ غیرقانونی نقل مکانی کے معاملے پر لیبیا کو بہت زیادہ معاشی اور سیکورٹی وسائل خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی نقل مکانی پر قابو پانے اور تارکین وطن کے انسانی وصحت کے حقوق کو تحفظ دینے کیلئے بین الاقوامی انسانی تنظیموں اور پڑوسی ممالک کے سنجیدہ بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ لیبیا 2011 میں مرحوم رہنما معمر قذافی کے زوال کے بعد سے عدم تحفظ اور انتشار کا شکار ہے اور یہ بحیرہ روم کے راستے یورپی ساحلوں تک جانے کیلئے غیرقانونی تارکین وطن کا ترجیحی مقام بن چکا ہے۔ بین الاقوامی تنظیم برائے پناہ گزین کے مطابق 2021 میں 32 ہزار غیرقانونی تارکین وطن کو بچاکر لیبیا واپس کیا گیا۔