ٹیکساس، 4 افراد کو یرغمال بنانےوالے برطانوی کا پاکستان میں کرمنل ریکارڈ نہیں

January 18, 2022

امریکی ریاست ٹیکساس میں 4 افراد کو یرغمال بنانے والے برطانوی کا پاکستان میں کوئی کرمنل ریکارڈنہیں۔

دستاویز کے مطابق ٹیکساس میں مارا گیا ملزم فیصل اکرم 2007ء سے 2020 تک 11 بار پاکستان آیا۔

پولیس کے مطابق ملزم فیصل اکرم کا کسی جرم یا مذہبی تنظیم سے وابستگی کا ریکارڈ نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم فیصل اکرم کا آبائی گھر جنڈیلہ کالا گجراں جہلم میں ہے، اس کے والد ملک اکرم بھی برطانیہ سے پاکستان آتے جاتے رہے ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق برطانوی شہری فیصل اکرم نے جہلم میں شادی کی تھی، ملزم کی اہلیہ اور بچے برطانیہ میں اس سے الگ ہوچکے ہیں۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں ہفتے کی شب ایک شخص نے یہودی عبادت گاہ میں گھس کر یہودی عالم سمیت 4 افراد کو یرغمال بنایا تھا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے کئی گھنٹے کے آپریشن میں ملزم کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کرایا تھا۔

امریکی حکام نے ملزم کی شناخت 44 سالہ ملک فیصل اکرم کے نام کی جو برطانوی شہری ہے۔