خیبرپختونخوا: کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ، پابندیاں لگانے کا اعلان

January 20, 2022

کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے پیشِ نظر خیبر پختونخوا میں پابندیاں لگانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 10 فیصد سے زائد کیسز والے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ میں 70 فیصد سواری کی اجازت ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مقدس مقامات میں ویکسینٹیڈ افراد کے 50 فیصد داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ سنیما، پارکس، واٹر اسپورٹس، سوئمنگ پولز میں 50 فیصد ویکسین شدہ افراد آ سکتے ہیں۔


اعلامیے میں کہا گیا کہ کراٹے، باکسنگ، رگبی، مارشل آرٹ، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ پر پابندی ہوگی۔

اسی طرح انڈور جم میں 50 فیصد ویکسینیٹیڈ افراد سے زیادہ کی اجازت نہیں ہوگی، انڈور شادی اور دیگر تقریبات پر 24 جنوری سے 15 فروری تک پابندی ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ 24 جنوری سے انڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح 10 فیصد سے کم کیسز والے شہروں میں انڈور تقریبات میں 300 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ 10 فیصد سے کم کیسز والے شہروں میں پابندیوں کا اطلاق آج سے 31 جنوری تک ہوگا، جبکہ ان شہروں میں آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد کی اجازت ہوگی۔

اس میں کہا گیا کہ انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔