شام میں اپوزیشن کی دو شخصیات کی گرفتاری و رہائی

December 31, 2015

دمشق........شامی صدر بشارالاسد کی حکومت نے حزبِ اختلاف کی دو معروف شخصیات کو رہا کردیا ہے۔انھیں بدھ کے روزریاض جاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی برائے جمہوری تبدیلی، کے سیکریٹری جنرل یحییٰ عزیز نے بتایا کہ ان کی جماعت کے دو ارکان احمدالاسراوی اور منیرالبیطار کو شام کی لبنان کے ساتھ واقع سرحد پر روکا گیا تھا۔اسراوی اور بیطار سعودی عرب میں شامی حزبِ اختلاف کی سپریم کمیٹی برائے مذاکرات میں شامل ہونے کے لیے جارہے تھے۔

یہ کمیٹی دسمبر کے اوائل میں ریاض میں شامی حزبِ اختلاف کے مختلف گروپوں کے درمیان مذاکرات کے بعد تشکیل دی گئی تھی۔اب یہ کمیٹی یکم جنوری کو حزب اختلاف کا ایک وفد منتخب کرے گی جو صدر بشارالاسد کی حکومت کے نمائندوں کے ساتھ جنوری ہی میں مذاکرات کرے گا۔

یحییٰ عزیز کے بہ قول اسراوی اور بیطار کو گرفتاری کے بعد کسی نامعلوم مقام کی جانب لے جایا گیا تھا اور یہ ان لوگوں کا کام تھا جو شام میں جاری تنازعے کا سیاسی حل نہیں چاہتے ہیں۔این سی سی ڈی سی نے بعد میں اپنے فیس بْک صفحے پر اطلاع دی ہے کہ ان دونوں کو رہا کردیا گیا ہے۔اس گروپ نے شامی جیلوں سے تمام قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔