پی ایس پی سے بات چیت اور مذاکرات کا عمل خوشگوار ماحول میں جاری ہے، ناصر شاہ

January 31, 2022


وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پی ایس پی وفد سے بات چیت اور مذاکرات کا عمل خوشگوار ماحول میں جاری ہے، مشاورت کے ذریعے قوانین میں بہتری لانے کی کوشش احسن عمل ہے۔

سندھ حکومت اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہوگیا، جو صوبائی وزیر ناصر شاہ کی رہائش گاہ پر ہورہاہے۔

مذاکرات میں پی ایس پی کے وفد کی قیادت سابق ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کررہے ہیں۔

ناصر شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری قدروں کی نگہبان ہے، اختلافِ رائے کے باوجود، اتفاقِ رائےکاحصول ہی جمہوریت کا حُسن ہے، گفتگو اور مشاورت سے جمہوریت کو مضبوط کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ پی ایس پی کے وفد میں حفیظ الدین، شبیر قائم خانی، اشفاق منگی، حسان صابر شریک ہیں، جبکہ حکومتی وفد کی نمائندگی سعید غنی، مکیش کمار چاؤلہ اور وقار مہدی کررہے ہیں۔

سندھ حکومت کے وزراء اور پی ایس پی وفد کے درمیان بلدیاتی ایکٹ پر گفتگو جاری رہی۔