وزیراعظم سرکاری دورے پر آج چین جائیں گے

February 03, 2022

وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر آج چین روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کا عزم دہرایا جائے گا۔

دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے کئی معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت دورہ چین کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء شوکت ترین، فواد چودھری، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر مملکت فرخ حبیب، مشیر قومی سلامتی امور معید یوسف، معاون خصوصی شہباز گل اور خالد منصور شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دورہ چین مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔