ہم عمران خان نہیں جو یو ٹرن لے لیں، مرتضیٰ وہاب

February 07, 2022

بلدیاتی قانون پر جو کٹمنٹ کی ہے اسے پورا کریں گے، مرتضیٰ وہاب

پیپلز پارٹی کے رہنما اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ہم عمران خان نہیں جو یو ٹرن لے لیں، بلدیاتی قانون پر جو کٹمنٹ کی ہے اسے پورا کریں گے، صحت اور تعلیم کے حوالے سے جو اتفاق ہوا ہے اس پر ترمیم لے آئیں گے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کلفٹن میں عبدالقدیر خان پارک کا افتتاح کردیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں لوگوں کو گیس میسر نہیں، پتہ نہیں عمران خان کو کیا دشمنی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکمران کسی چیز کو کنٹرول کرنا نہیں چاہتے، مفادات کے ٹکراؤ والی حکومت گھر نہیں جائے گی تو معاملات درست نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نجمی عالم کلفٹن کے حلقے کا الیکشن ہارے تھے، ہارنے کے باوجود عوام سے اپنا رشتہ ہم نے نہیں توڑا، ہم اپنے سیاسی وژن پر کار فرما ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہر کی احسن انداز میں پلاننگ کی گئی ہے، شہر میں پارک اور پلے گراؤنڈ تھے، بدقسمتی سے وہ پارک، پلے گراؤنڈ اور سڑکیں چائنا کٹنگ کی نظر ہوگئیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پیپلز اسکوائر پر لوگ انجوائے کرتے ہیں، اب ہم لیاری ککری گراؤنڈ کو ترقی دینے جارہے ہیں، آپ کو کراچی کے ہر ضلع میں کام ہوتا نظر آرہا ہے۔