ٹانک میں پولیس موبائل پربم حملہ

February 08, 2022


خیبر پختون خوا کے ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں پولیس موبائل پر رات گئے نامعلوم افراد نے بم سے حملہ کر دیا۔

بم پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا ہے، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ڈی پی او ٹانک وقار احمد کے مطابق گزشتہ رات تھانہ گومل بازار کے علاقے کوٹ اعظم کے قریب نامعلوم افراد نے معمول کے گشت پر جانے والی پولیس کی موبائل پر بم سے حملہ کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ بم کے حملے میں پولیس موبائل کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

ڈی پی او ٹانک وقار احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔