نوکریوں کے جھوٹے وعدے پر عمران خان پر مقدمہ درج ہونا چاہیے، خورشید شاہ

February 08, 2022

فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نوکریوں کا جھوٹا وعدہ کرنے پر عمران خان صادق امین نہیں رہے، ان پر مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

خورشید شاہ نے سکھر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا احتجاج لوگوں کو اٹھانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا خاموش احتجاج ہوگا، مار دھاڑ والا احتجاج نہیں ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سبسڈی میں دیئے جانے والا آٹا، چاول اور دیگر اشیاء بھی نہیں مل رہی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت نے سوائے دھوکے کے لوگوں کو دیا ہی کیا ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، جب تک ملک میں مہنگائی اور بیروز گاری ہے، تب تک جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ختم ہوسکتی ہے، جو لوگ چیختے روتے ہیں انہیں گھروں سے باہر آنا چاہئے، ہم نے تین سال آواز اٹھائی مگر کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی، سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا مقصد کسی کیلئے مسئلہ پیدا کرنا نہیں ہے، مقصد عمران خان سے جان چھڑانا ہے، پی پی کا احتجاج 27 فروری سے شروع ہوکر یکم مارچ کو سکھر پہنچے گا، عوام لانگ مارچ میں شریک ہوں۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی 27 فروری کو مارچ کا اعلان کیا ہے۔