حکومت گِرانے کی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے، مصطفیٰ کمال

February 08, 2022

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے حکومت گرانے کی تحریک کا حصہ نہ بننے کا اعلان کردیا۔

کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت گِرانے کی تحریک کا حصہ بننے نہیں جارہے، حکومت اپنے وزن سے گِر رہی ہے۔

پی ایس پی سربراہ اور دیگر کے خلاف کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

متعلقہ عدالت نے جج کی ریٹائرمنٹ کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے 5 مارچ تک ملتوی کردی۔

اس موقع پر پی ایس پی سربراہ نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ موجودہ نظام سے ملک نہیں چل سکتا غلط طرز حکمرانی سے کل کے دہشت گرد پیدا کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد اضلاع کے اختیارات وزیر اعلیٰ ہاؤس میں رکے ہوئے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت میں حکومتی کارکردگی زیر بحث آئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم میں صوبوں کو خود مختاری ملی ہے، عوام اپنی اپنی پارٹی سے اپنی گلی کے اختیارات اور وسائل مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ صحیح مردم شماری کرکے اسے ڈیجیٹلائز ہونا چاہیے، نیب نہیں لوگ کرپشن روک سکتے ہیں۔