حکومت کی کورونا سے نمٹنے کیلئے پالیسیوں کی دنیا بھر میں پزیرائی ہوئی، وزیراعظم

February 11, 2022

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی کورونا سے نمٹنے کیلئے پالیسیوں کی دنیا بھر میں پزیرائی ہوئی، کورونا کے دوران اسمارٹ لاک ڈاؤن سے معاشی طور پر کمزور طبقے کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت انسداد کورونا سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں عالمی سطح اور خطے میں اومی کرون کے پھیلاؤ پر بھی بریفنگ دی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے میں عوام کا بھر پور ساتھ رہا، پاکستان کے عوام نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے اقدامات میں بھرپور تعاون کیا، عوام نے ویکسینیشن میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کے ریلیف اور اقدامات کی بدولت معاشی سرگرمیوں پر کورونا کم سےکم اثر انداز ہوا، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی قربانیوں اور خدمات پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔