ہجوم کے تشدد کو نہایت سختی سےکچلیں گے: وزیرِ اعظم

February 13, 2022


وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہجوم کے تشدد کو نہایت سختی سے کچلا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیرِاعظم عمران خان نے یہ بات کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے آئی جی پنجاب سے میاں چنوں واقعے کے ذمے داروں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کی ہلاکت کی طرح کا گزشتہ روز میاں چنوں میں واقعہ پیش آیا ہے جہاں مقدس اوراق کو جلانے کے الزام میں ہجوم نے ایک شخص کو قتل کر دیا۔

میاں چنوں کے نواحی علاقے تلمبہ میں اڈا 17 موڑ مدرسہ شاہ مقیم میں ایک نامعلوم شخص پر الزام لگایا گیا۔

الزام لگانے کے بعد ہجوم نے مذکورہ شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لاش کو درخت پر لٹکا دیا۔