وزیراعظم اور خاتون اوّل کے حوالے سے من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے، فیصل جاوید

February 14, 2022

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ وزیراعظم اور انکی اہلیہ خاتون اوّل کے حوالے سے بے بنیاد، غلط، من گھڑت خبریں اور افواہیں پھیلائی گئیں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کے حوالے سے بےبنیاد خبریں پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان کی فیملی اور ذاتی زندگی پر جھوٹ گھڑنا ہمیشہ سے گھٹیا سیاست کرنے والوں کا وطیرہ رہا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول کے درمیان کشیدگی اور بشریٰ بی بی کے ناراض ہو کر لاہور چلے جانے کی خبریں سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا پر چلائی جارہی ہیں۔

اس حوالے سے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون اول میرے گھر قطعا قیام پذیر نہیں، وہ بنی گالا اسلام آباد میں گھر پر موجود ہیں۔