ایم ڈی سوئی سدرن کو گرمیوں میں بھی گیس قلت کا خدشہ

February 14, 2022

ایم ڈی سوئی سدرن نے گرمیوں میں بھی گیس کی قلت برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں سندھ کو گیس کی کم فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت ایم ڈی سوئی سدرن نے بتایا کہ وفاقی سیکرٹری کے حکم پر سندھ کو 15فیصد گیس کم فراہم کر کے دیگر صوبوں کو دی جارہی ہے۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی سیکرٹری کی آئین کی خلاف ورزی کی ہمت کیسے ہوسکتی ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس کے کے آغا نے کہا کہآئین کے آرٹیکل 158 کے تحت پیداواری علاقوں کو قدرتی وسائل پر پہلا حق ہے۔

ایم ڈی سوئی سدرن نے کہا کہ آرٹیکل 158 کے تحت سندھ اور شہری علاقوں کو گیس کی فراہمی کیلئے خطوط لکھے ہیں، وفاقی سیکرٹری توانائی سمیت کسی نے ان خطوط پر توجہ نہیں دی، کراچی میں 178ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی ضرورت ہے، گیس فراہمی کی صورتحال برقرار رہی تو گرمیوں میں بھی بحران رہے گا۔

ایم ڈی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاق دیہات کو گیس فراہمی کی پائپ لائنیں بچھانے کیلئے بھی فنڈ نہیں دے رہا۔

عدالت نے وفاقی سیکرٹری توانائی کو شوکاز جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں صورتحال کی وضاحت کیلئے بلالیا ہے، اس کے علاوہ سیکرٹری خزانہ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔