بلتستان یونیورسٹی اسکردو کے پہلے مستقل وائس چانسلر کیلئے 5 میں سے 3 ناموں کا انتخاب

February 15, 2022

بلتستان یونیورسٹی اسکردو کے پہلے مستقل وائس چانسلر کے لیے 5 میں سے 3 ناموں کا انتخاب کرلیا گیا۔

تلاش کمیٹی نے قاسم نسیم کی سربراہی میں 16 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا اور پانچ ناموں کا انتخاب کیا جبکہ بلتستان یونیورسٹی اسکردو کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے 74 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

تلاش کمیٹی نے جن پانچ امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کیا ان میں ڈاکٹر ثقلین نقوی، ڈاکٹر نعیم خان، ڈاکٹر ظفر علی آس، ڈاکٹر ذاکر اور ڈاکٹر مسعود اختر شامل تھے۔

بعدازاں یہ نام سینیٹ کو بھیجے گئے تو سینیٹ نے چیئرپرسن بتول اقبال قریشی کی سربراہی میں تین ناموں کی منظوری دی جن میں سابق وائس چانسلر باچا خان یونیورسٹی چار سدہ ڈاکٹر ثقلین نقوی، موجودہ وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی ڈاکٹر نعیم خان، اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر ظفر علی آس شامل تھے۔

اب یہ تینوں نام صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے پاس منظوری کے لیے بھیجے جائیں گے جس کے بعد صدر 3 میں سے ایک نام کی بطور وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی اسکردو منظوری دیں گے۔

یاد رہے کہ بلتستان یونیورسٹی اگست 2017 میں قائم کی گئی تھی اس وقت یہ جامعہ 3 کیمپس میں قائم ہے اور اسکردو میں دریائے سندھ کے ساتھ اس کی نئی اور وسیع و عریض عمارت قائم کی جارہی ہے۔