زخم کافی ہیں، میری پسلیوں پر بھی چوٹیں لگی ہوئی ہیں، محسن بیگ

February 16, 2022

سینئر صحافی محسن بیگ کا کہنا ہے کہ حوالات میں بند کرنے کے بعد ایف آئی اے نے تشدد کا نشانہ بنایا، میرے زخم کافی ہیں، میری پسلیوں پر بھی چوٹیں لگی ہوئی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گرفتار سینئر صحافی محسن بیگ کا پولی کلینک میں طبی معائنہ کروایا گیا۔

صحافی نے محسن بیگ سے سوال کیا کہ آپ کے کون کون سے میڈیکل ٹیسٹ ہوگئے؟ جس پر جواب دیتے ہوئے محسن بیگ نے کہا کہ تقریباً سارے ٹیسٹ ہوگئے، ایک الٹرا ساؤنڈ رہ گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں صحافی محسن بیگ کے گھر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے چھاپہ مارا اور محسن بیگ کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق چھاپہ مار ٹیم کے ارکان دروازہ پھلانگ کر صحافی محسن بیگ کے گھر میں داخل ہوئے، چھاپہ مارنے والوں کے پاس اریسٹ وارنٹ یا کوئی اور دستاویز نہیں تھی۔

صحافی محسن بیگ کے ملازمین نے دروازہ پھلانگنے والے دو افراد کو پکڑلیا تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے اہلکاروں نے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کرلیا ہے، صحافی محسن بیگ ٹاک شوز میں حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں۔