کے پی بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی نہیں ہوگا، تفصیلی فیصلہ جاری

February 17, 2022

کے پی بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی نہیں ہوگا، تفصیلی فیصلہ جاری

خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کیے جانے کا الیکشن کمیشن نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے سات صفحات پر مشتمل جاری کردہ تفصیلی فیصلے پر چیف الیکشن کمشنر اور ممبر بلوچستان کے دستخط موجود ہیں۔

فیصلے میںکہا گیا ہے کہ انتخابی عمل ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے، انتخابات الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

فیصلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے کے پی کے بعض علاقوں میں برفباری کی اور موسم خرابی کی وجوہات بتائیں، تصاویر بھی پیش کیں اور کہا کہ کمیشن اس کی تحقیق بھی کرسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کا فیصلے میں مزید کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام نہیں کہ وہ انتخابی عمل ملتوی کرنے کا فیصلہ کریں۔

فیصلےمیں کہا گیا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں پچکچاہٹ کا شکار ہے، بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات پہلے ہی 2 سال سے تاخیر کا شکار ہیں۔

انتخابات الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 31 مارچ کو ہی ہوں گے۔

واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ نے درخواست گزاروں کے حق میں فیصلہ دیا تھا، الیکشن کمیشن نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ معاملہ خود دیکھیں اور انتخابات کروائیں۔