کراچی،کار پر فائرنگ، نجی ٹی وی کا پروڈیوسر جاں بحق

February 18, 2022


کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک کار پر فائرنگ کے واقعہ میں سماء ٹی وی کا پروڈیوسر جاں بحق ہوگیا، ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر سڑک کے دوسری طرف دوسری موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ نارتھ ناظم آباد کی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا، پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مبینہ طور پر ایک کار نمبر اے ایچ ٹی 180 پر سوار اطہر متین کو روکنے کی کوشش کی۔

صحافی اطہر متین کی کار، فرار ہوئے ملزمان کی موٹرسائیکل پولیس موبائل میں موجود

کار سوار نے گاڑی روکنے کی بجائے ملزمان کی موٹر سائیکل کو کار سے ٹکر مار دی جس سے وہ گر گئے تاہم ان میں سے ایک ملزم نے پستول سے کار پر تین گولیاں فائر کیں، گولیاں لگنے سے کار سوار اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ملزمان سڑک عبور کر کے دوسری طرف سے ایک اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا لگتا ہے تاہم حتمی طور پر تفتیش کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔

اطہر متین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاش بعد ازاں ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے نے اسپتال منتقل کی۔

صحافی اطہر متین کی فائل فوٹو، فائرنگ کے بعد لاش اسپتال میں موجود

پولیس کاکہنا ہے کہ صحافی اطہر متین بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر آ رہے تھے،جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے،انہیں ایک گولی لگی جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملزمان کی موٹرسائیکل تحویل میں لے لی ہے،واقعے کی مختلف پہلوں سے تفتیش جاری ہے ۔

واضح رہے کہ اطہر متین نجی ٹی وی سماء سے منسلک تھے اور بطور پروڈیوسر ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے، اطہر متین معروف نیوز کاسٹر اور اینکر طارق متین کے بھائی تھے۔