تحریک انصاف کی حکومت بچ سکتی ہے، وزیراعظم کا بچنا مشکل ہے، خالد مقبول صدیقی

March 17, 2022

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے موجودہ سیاسی صورتحال میں وزیر اعظم کے بچنے کو مشکل قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج کی صورتحال کے بعد حکومت کا بچنا مشکل ہے، تحریک انصاف کی حکومت بچ سکتی ہے، مگر وزیراعظم کا بچنا مشکل ہے۔

پی ٹی آئی کی حکومت کے بچنے سے متعلق سوال پر خالد مقبو ل صدیقی نے مزید کہا کہ میں اس پر زیادہ تبصرہ نہیں کرنا چاہوں گا مگر بہت سارے ایسے آپشن ہیں جن پر ہمیں غور کرنا چاہیے۔

خالد مقبول صدیقی کا تفصیلی انٹرویو رات 10 بجے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری طرف وفاقی حکومت نے سویلین حساس اداروں سے ارکان پارلیمنٹ کی مانیٹرنگ کروانے کا فیصلہ بھی کرلیا، ارکان پارلیمنٹ کی لوکیشن اور نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی ، کال ڈیٹا کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

عمران خان کی سربراہی میں سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ارکان اسمبلی کے حوالے سے وزیراعظم کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے گی۔

حکومتی فیصلوں کے بعد سول انٹیلی جینس ادارے نے حکومتی اتحادیوں اور ایم این ایز کی نگرانی شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے ارکان اسمبلی کی نگرانی کی جارہی ہے، پارلیمینٹ لاجز اور چودھری برادران کے گھر پر بھی اہل کاروں کی ڈیوٹیوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔