پوجا کماری اوڈ کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر بلاول کی پولیس کو شاباش

March 22, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکھر میں پوجا کماری اوڈ کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس کو شاباش دی ہے۔

اپنے بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پوجا کماری کا بہیمانہ قتل باعثِ صدمہ ہے، اس ظلم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ پولیس نے معصوم لڑکی کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو پکڑ لیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے ملزمان کی جلد گرفتاری پر سندھ پولیس کو شاباش بھی دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکام یقینی بنائیں کہ ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا ملے۔

انہوں نے کہا کہ میری ہمدردی متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے، مجھ سمیت پوری پیپلز پارٹی مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے، جس نے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ پر ہمیشہ دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی کہتا ہوں کہ پاکستان کے مظلوموں کی جانب میلی آنکھ اٹھانے والوں کو پہلے پیپلز پارٹی کا سامنا کرنا پڑے گا۔