عمران خان کو 2 وفاقی وزیر اور عثمان بزدار چھوڑ کر جارہے ہیں، راجہ ریاض کا دعویٰ

March 23, 2022

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما و رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت پی ٹی آئی کے 11 لوگ اور 2 وفاقی وزیر آ رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں اور سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کے لیے رابطے بھی کر رہے ہیں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ میں قرآن پاک کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ میں نے ایک روپیہ رشوت نہیں لی، اگر عمران خان میڈیا پر آ کر قرآن پاک اٹھا کر کہہ دیں تو میں انہیں معاف کردوں گا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے پاس ارکان کی تعداد 27 ہوچکی ہے اور مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی 2 سے 3 جبکہ اس کے علاوہ سنا ہے ق لیگ کے پاس بھی 3 سے 4 افراد موجود ہیں۔

راجہ ریاض نے مزید کہا کہ 2 وزیر آنا چاہ رہے ہیں لیکن ان کے لیے گنجائش نہیں بن رہی، اگر گنجائش بن گئی یا ہم میں کچھ لوگ راضی ہوگئے تو شاید وہ آ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں ارکان کی تعداد 200 تک پہنچ جائے گی، عمران خان اور عثمان بزدار کو این آر او کی ضرورت ہے، کیونکہ بزدار عمران خان کو چھوڑ کر بھاگنے والے ہیں۔