آج ہمارے نمبر 172 سے زائد ہیں: رانا ثناء اللّٰہ

March 25, 2022

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آج اپوزیشن کے اجلاس میں 159 لوگ موجود تھے، جبکہ آج ہمارے نمبر 172 سے زائد ہیں، اس کی خبر حکومت کو ہو چکی ہو گی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرکی درخواست دے دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 28 مارچ کو تحریکِ عدم اعتماد پیش ہو گی، 7 دن کے اندر اس پر ووٹنگ ہو جائے گی، کل یہ لوگ بار بار کہہ رہے تھے ہمارا اراکین سے رابطہ ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ان کا جہاں سے رابطہ تھا وہاں سے بھی جوتے مار کر نکالا جائے گا، عمران خان کو لمبی لمبی چھوڑنے کی عادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ایک ہی باعزت راستہ ہے کہ جمہوریت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیں، پی ٹی آئی کے جلسے میں کرائے کا ہجوم جمع کیا جائے گا۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ساڑھے 3 سال انہوں نے معیشت اور عوام کا حشر کر دیا، ہم 26، 27 اور 28 کو بھی سڑکوں پر ہوں گے، کیا ہم نے عدم اعتماد کی تحریک اپنا کر کوئی غیر قانونی راستہ اپنایا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اپنے ترجمان کہتے تھے کہ لائیں تحریکِ عدم اعتماد، اگلے دن ہی ووٹنگ کروا دیں گے، یہ سازش کے تحت اقتدار تک پہنچے، انہوں نے مخالفین پر جھوٹے مقدمے چلائے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ملک کو انارکی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی 10، 15ہزار بندے ملک بھر سے اکھٹے کر لے گی۔