سابق پولیس افسر کا قتل، ارشد پپو کے گرفتار بیٹے سے تفتیش

March 26, 2022

کراچی میں سابق پولیس افسر کے قتل میں لیاری گینگ وار کے مقتول سربراہ ارشد پپو کے گرفتار کیے گئے بیٹے عالم بلوچ سے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم عالم بلوچ نے بیان میں بتایا ہے کہ سب انسپکٹر چاند خان کے قتل سے پہلے اس کی ریکی نہیں کی تھی۔

’’دوست نے باپ کا بدلہ لینے کیلئے اکسایا‘‘

ملزم کے مطابق اس کے دوست اعظم نے اسے اکسایا کہ چاند خان کو قتل کر کے اپنے باپ کا بدلہ لو۔

ملزم نے پولیس کو بتایا ہے کہ قتل میں استعمال ہونے والی پستول اور موٹر سائیکل کا انتظام اعظم نے کیا۔

ملزم کے مطابق قتل کے بعد میں بلدیہ ٹاؤن میں واقع اپنے گھر اور اعظم ناظم آباد میں اپنے گھر گیا تھا۔

ملزم نے بتایا ہے کہ اعظم نے کہا کہ کسی کو کچھ بتانے کی ضرورت نہیں، کوئی گرفتاری نہیں ہو گی۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث ملزم اعظم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

ملزم عالم کب گرفتار ہوا؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز رینجرز اور پولیس نے پریس کانفرنس میں ملزم عالم کی گرفتاری ظاہر کی تھی۔

رواں ہفتے کراچی کے علاقے صدر میں لیاری گینگ وار سے منسلک برطرف پولیس افسر سمیت 2 افراد کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

اسی طرح کی واردات سولجر بازار میں بھی ہوئی

لیاری کے سابق ایس ایچ او اور برطرف پولیس افسر چاند خان نیازی اپنے ساتھی عبدالرحمٰن بلوچ کے ساتھ عدالت میں پیشی کے بعد جا رہے تھے کہ صدر کے مصروف ترین علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

سابق پولیس افسر چاند خان نیازی لیاری گینگ وار سربراہ ارشد پپو کے قتل کیس میں گواہ تھے۔

اسی طرح کے واقعے میں کچھ عرصہ قبل ایک اور برطرف پولیس افسر جاوید بلوچ کو مسلح ملزمان کی جانب سے سولجر بازار میں نشانہ بنایا گیا تھا۔