• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ارشد پپو قتل کیس میں نامزد برطرف انسپکٹر سمیت 2 افراد قتل




کراچی کے علاقے سولجر بازار میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے لیاری گینگ وار کے سربراہ ارشد پپو کے قتل کے کیس میں نامزد برطرف پولیس انسپکٹر سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق واقعہ سولجر بازار نمبر 2 میں پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ لیاری کے رہائشی جاوید بلوچ اور محمد مصدق سینٹرل جیل کراچی میں واقع انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نمبر 10 میں پیشی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ ان کے تعاقب میں آنے والے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔

سولجر بازار میں ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق انسپکٹر اور ساتھی کی لاشیں اور فرار ہونے والے ملزمان کی تصاویر — جنگ فوٹو
سولجر بازار میں ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق انسپکٹر اور ساتھی کی لاشیں اور فرار ہونے والے ملزمان کی تصاویر — جنگ فوٹو

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واردات میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے، جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 13 خول ملے ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں افراد کو رنجش کی وجہ سے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا کے مطابق مقتول جاوید بلوچ پولیس کا برطرف انسپکٹر تھا جسے ارشد پپو قتل کیس میں گینگ وار کی سپورٹ کرنے پر گرفتار بھی کیا گیا تھا، اس مقدمے میں دیگر کے علاوہ عذیر بلوچ بھی گرفتار ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول اپنے قریبی عزیز سابق سرکاری ملازم کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد گھر واپس جاتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا۔

قمر رضا جسکانی کے مطابق علاقے کی سی سی ٹی وی حاصل کی جا رہی ہے اور واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے پولیس کی ٹیمیں متحرک ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سولجر بازار میں قتل ہونے والے دونوں افراد کئی منٹ تک سڑک پر تڑپتے رہے، شہری ان کی ویڈیو بناتے رہے مگر کسی نے مدد نہیں کی۔

حاصل ہونے والی ویڈیو میں شہریوں کی آوازیں آ رہی ہیں کہ ایمبولینس کو بلاؤ، ویڈیو کے دوران ایک شہری کہہ رہا ہے کہ 1 زخمی کی سانس چل رہی ہے۔

پولیس اور ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوع پر تاخیر سے پہنچیں۔

تازہ ترین