کراچی: ڈاکٹر عاصم کرپشن ریفرنس، SSGC بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ جمع کروانے کی درخواست

March 26, 2022

فوٹو: فائل

کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ عدالت میں جمع کروانے کی درخواست کی گئی ہے۔

احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر و دیگر کو 16 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

عدالت میں ملزم بشارت مرزا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کی معاونت کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کا ریکارڈ لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسر نے ایس ایس جی سی کی بورڈز آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کا ریکارڈ پیش نہیں کیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم بشارت مرزا کے خلاف کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔

دوسری جانب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی۔

وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم حسین اے ٹی سی میں کیس کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔