وزیراعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد تحریک پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، اسپیکر

March 28, 2022

فائل فوٹو

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ کو وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی تحریک سے آگاہ کر دیا گیا، اسپیکر نے کہاکہ عدم اعتماد تحریک پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے اسپیکر پرویزالہیٰ کو اس متعلق آگاہ کیا اور عدم اعتماد کی تحریک اور اجلاس بلانے کی ریکوزیشن کی کاپی بھی بھجوائی گئی۔

پرویزالہیٰ نے کہاکہ عدم اعتماد کی تحریک پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، قانونی ضابطے اور اسمبلی رولز پر مکمل عمل ہوگا۔

واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے، قرارداد میں وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

قرارداد کے متن میں تحریر ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا، صوبے کے معاملات آئین کے تابع نہیں چلائے جا رہے، عثمان بزدار نے پنجاب میں جمہوری روایات کا قلع قمع کیا ہے۔

قرارداد پر رانا مشہود، رمضان صدیق، ملک احمد، میاں نصیر احمد کے دستخط موجود ہیں۔