وزیراعظم کا پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کو خط، ووٹنگ پر ایوان نہ آنے کی ہدایت

March 29, 2022

وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے تمام اراکین قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا۔

وزیراعظم کے خط میں کہا گیا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران کوئی بھی پارٹی رکن اسمبلی اجلاس میں شریک نہ ہو۔

خط میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی ایم این ایز کے اسمبلی اجلاس میں شرکت پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تمام اراکین کو انفرادی طور پر خط ارسال کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عدم اعتماد کی قرار داد پیش کی۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے قرار داد کے حق میں موجود ارکان کی تعداد 161 بتائی اور ساتھ ہی اس پر بحث جمعرات 31 مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا اور اجلاس ملتوی کردیا۔

قواعد کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر 3 دن کے بعد اور 7 دن کے اندر ووٹنگ کرانا لازمی ہے۔