متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کا اتحاد، سعید غنی کے الفاظ سچ ثابت ہوگئے

March 30, 2022

سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان معاملات طے پانے کے حوالے سے ہفتہ پہلے ہی عندیہ دے دیا تھا۔

سعید غنی نے 23 مارچ کو کیے گئے ایک ٹوئٹ میں ندیم افضل چن کے مشہور ڈائیلاگ کو اپنے انداز میں لکھا ۔

انہوں نے لکھا کہ ’گل ودھ نئیں گئی ، مُک گئی ہے مُختارا جانی، حکومت دسدی نئیں پئی‘ (بات بڑھ نہیں گئی، ختم ہوگئی ہے، حکومت نہیں بتا رہی۔)

اب سعید غنی نے متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد اسی ٹوئٹ کو شیئر کیا اور پنجابی میں ہی لکھا کہ ’ میں تے 23 مارچ نوں دسیا سی (میں نے تو 23 مارچ کو ہی بتادیا تھا۔)‘

اسلام آباد میں ایم کیو ایم اور اپوزیشن رہنماؤں میں ملاقات کے دوران تمام معاملات طے پاگئے، ایم کیو ایم تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دے گی۔

پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور اپوزیشن کے درمیان حتمی ڈرافٹ کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔

معاہدے پر دستخط کے وقت مولانا فضل الرحمٰن، شہباز شریف، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔