کے پی میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، سیکیورٹی انتظامات مکمل

March 30, 2022


الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے ریٹرننگ افسران کے دفتر سے پولنگ میٹریل کی تقسیم ہو رہی ہے، الیکشن کے لئے سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ میٹریل، بیلٹ پیپرز اور بیگز پولنگ اسٹیشنز پر مکمل سیکیورٹی کیساتھ پہنچایا جائے گا، پولنگ میٹریل کی تقسیم کا کام تمام 18 اضلاع میں صبح 8 بجے سے جاری ہے، جو شام تک پولنگ اسٹاف اور پولنگ میٹریل کو تمام پولنگ اسٹیشنز میں پہنچا دیا جائے گا۔

اسپشل سیکریٹری، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر تمام عمل کی نگرانی کر رہے ہیں، زیادہ تر اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 18 اضلاع کی 65 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، مجموعی طور پر 6176 پولنگ اسٹیشنز اور 16509 پولنگ بوتھ بنانے گئے ہیں، تمام پریزائیڈنگ افسران آج شام کو پہنچ کر پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ قائم کریں گے۔