حنا پرویز کا اسمبلی رکنیت کی معطلی کی خبروں پر ردعمل سامنے آگیا

April 05, 2022

مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے معاملے پر رکنیت معطل کرنے کی خبروں پر ردعمل دے دیا۔

انہوں نے ان خبروں پر ردعمل میں کہا کہ میں میڈیا پر چلنے والی جھوٹی خبر کی سختی سے تردید کرتی ہوں۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ مجھ سمیت ن لیگ کے کسی رکن نے اسمبلی میں توڑ پھوڑ نہیں کی، یہ ڈرامہ شکست سے خوفزدہ لوگوں نے رچایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جھوٹے الزام لگانے سے بہتر ہے کہ ایوان اور لابی کے کیمروں کی ویڈیو سامنے لائی جائے تا کہ سچ عوام کے سامنے آ سکے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے معاملے پر ن لیگی رہنما عظمی بخاری اور حنا پرویز بٹ سمیت متحدہ اپوزیشن کے 18 ارکان کی رکنیت معطل کرنے کی خبریں سامنےآئی تھیں۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ رانا مشہود، طاہر خلیل ، سلمان رفیق، عظمی بخاری ، حنا پرویز بٹ، عنیزہ فاطمہ کی اسمبلی رکنیت معطل کرنے پر غور ہو رہا ہے۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر گزشتہ روز انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جو آج شام اپنی رپورٹ اسپیکر کو دے گی۔

واضح رہے کہ ن لیگ کے دور میں اسپیکر ہنگامہ آرائی پر پی ٹی آئی کے 6 ارکان کی رکنیت معطل کر چکے ہیں۔