علی محمد خان ایوان سے عمران خان کا تقسیمی نمبر اُٹھا لائے

April 10, 2022

’عمران خان کی وزیراعظم کی سیٹ پر موجود یہ تقسیمی نمبر ساتھ لے آیا ہوں‘

تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے وقت حکومتی بینچز پر موجود واحد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اپنے خطاب کے بعد عمران خان کی سیٹ سے تقسیمی نمبر اُٹھا لائے۔

علی محمد خان نے ٹوئٹر پر عمران خان کے تقسیمی نمبر کی تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ ’ہر ممبر قومی اسمبلی کی اسمبلی سیٹ پر اس کا تقسیمی نمبر ہوتا ہے۔ عمران خان کی وزیراعظم کی سیٹ پر موجود یہ تقسیمی نمبر ساتھ لے آیا ہوں، وہاں نہیں چھوڑا۔‘

انہوں نے کہا کہ اس کو اپنے پاس محفوظ کرلیا ہے اور جب خان صاحب دوبارہ وزیراعظم بنیں گے تو اپنے ہاتھ سے یہ دوبارہ لگاؤں گا، انشاءاللّٰہ۔

واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد علی محمد خان نے اپنا مؤقف خطاب کے دوران پیش کیا۔

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ علی محمد خان نے جب اپنا خطاب شروع کیا تو قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک قول کا حوالہ دیا اور کہا کہ مجھے فخر ہے، خوشی ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، جس نے حکومت قربان کردی لیکن غلامی قبول نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج آپ کے چہروں پر خوشی ہے، اللّٰہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے۔ آج میری پارلیمانی امور کے وزیر کی ڈیوٹی تمام ہوئی۔

واضح رہے کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد کے ذریعے نکالے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے، وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف رات گئے تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔ عمران خان اب وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نہیں رہے۔