تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹائے جانے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ سامنے آئے ہیں۔
برطانوی فنانسر اور ماہر ماحولیات بین گولڈ اسمتھ نے ٹوئٹر پر عمران خان کی حمایت میں بیان جاری کیا۔
رات گئے عمران خان کی برطرفی کے بعد بین گولڈ اسمتھ نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان کو ’اچھا اور معزز آدمی‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ عمران خان صرف اپنے ملک کیلئے اچھے سے اچھا کرنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔
بین گولڈ اسمتھ نے لکھا کہ ’میرے بہنوئی عمران خان ایک اچھے اور معزز آدمی ہیں، اپنے ملک کیلئے اچھا کرنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں ، وزیر اعظم کے طور پر ان کا ریکارڈ غیر معمولی ہے۔‘
انہوں نے عمران خان کی ماحول دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران کی قیادت میں پاکستان نے ماحولیاتی بحالی کے حوالے سے بہت کام کیا۔
دریں اثنا، عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے اب تک پاکستان کی سیاسی صورتحال اور عمران خان کی برطرفی پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
بین گولڈ اسمتھ لندن میں سرمایہ کاری فرم ’مینہیڈن‘ کے بانی اور سی ای او ہیں، جو توانائی اور وسائل کی کارکردگی کے حوالے سے کام کرتی ہے۔
بین اور جمائما گولڈ اسمتھ فنانسر جیمز گولڈ اسمتھ اور لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کی اولاد ہیں۔
جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی، جمائما نے عمران خان کے ساتھ 1995 سے 2004 تک 9 سال لاہور میں گزارے۔
جمائما اور عمران خان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، جو اس وقت لندن میں زیر تعلیم ہیں اور اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کے ہمراہ رہتے ہیں۔
وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف رات گئے تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوگئی۔ عمران خان اب وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نہیں رہے۔
پینل آف چیئر ایاز صادق نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ آئے اور یہ کثرت رائے کے ساتھ منظور ہوئی۔