علیحدگی کی افواہیں، عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ نےخاموشی توڑ دی

April 13, 2022

معروف میزبان و رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ نے بھی علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

گزشتہ دنوں سے عامر لیاقت کے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ عامر لیاقت اور اُن کی تیسری اہلیہ دانیہ کے درمیان علیحدگی ہوئی ہے، جس کے بعد دانیہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے عامر لیاقت کی تمام تر تصاویر ڈیلیٹ کردی ہیں جبکہ عامر لیاقت بھی اب انہیں فالو نہیں کرتے۔

ان خبروں کے سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے کے بعد، پہلے عامر لیاقت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ان خبروں کی تردید کی تھی تاہم اب اُن کی اہلیہ کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔

عامر لیاقت حسین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ دانیہ کا ویڈیو بیان شیئر کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ وہ عامر لیاقت حسین کے ساتھ ہیں اور اُن کے درمیان علیحدگی نہیں ہوئی۔

دانیہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہِ کرم! جھوٹی خبریں پھیلانا بند کریں۔

انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے پاکستان تحریک انصاف پر یہ افواہیں پھیلانے کا الزام لگایا۔

اُنہوں نے ایف آئی آے اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان نام نہاد صحافیوں اور سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس چلانے والوں کو گرفتار کریں جو اُن کی علیحدگی کی خبریں پھیلا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین نے رواں برس فروری میں 18 سالہ دانیہ شاہ نامی لڑکی سے تیسری شادی کی۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی تیسری شادی کا اعلان ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔

49 سالہ عامر لیاقت نے بتایا تھا کہ دانیہ شاہ کا تعلق ایک شریف گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں۔