وزیراعلیٰ کےانتخاب کےلیےڈپٹی اسپیکر کےاختیارات بحال کرنےکےخلاف اپیلیں نمٹا دیں

April 15, 2022


لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بحال کرنے کے خلاف اپیلیں نمٹا دیں، فیصلے کے مطابق ڈپٹی اسپیکر اپنے عہدے کے حلف کے پاسدار رہیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے سنگل بینچ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے، فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ کل وزیر اعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے لیے اسمبلی اجلاس ڈپٹی اسپیکر کی زیر صدارت ہی ہوگا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی اسپیکر اپنے عہدے کے حلف کے پاسدار رہیں گے، وزیر اعلیٰ کا انتخاب شفاف اور غیرجانبدار انداز میں کروایا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر غیر ملکی آبزرورز، میڈیا، پلڈاٹ اور فافن کو کوریج کے لیے سہولت فراہم کریں، چیف سیکرٹری پنجاب انتخاب کے دوران کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کریں، آئی جی پنجاب الیکشن کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ کے خدشےکو دور کریں۔

ہائی کورٹ سنگل بینچ نے ڈپٹی اسپیکر کی درخواست پر ان کے اختیارات بحال کیے تھے، اسپیکرنےڈپٹی اسپیکرسے وزیراعلیٰ کا انتخاب کرانے کے اختیارات واپس لے لیے تھے۔

سنگل بینچ نےڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بحال کرکے 16 اپریل کو الیکشن کی ہدایت کی تھی۔