نیب نے 4 سال میں برآمد کی جانے والی رقم کی تفصیلات بتادیں

April 21, 2022

قومی احتساب بیورو (نیب) نے 4 سال میں برآمد کی جانے والی رقم کی تفصیلات سے متعلق بتادیا۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 4 سال میں 584 ارب کی خطیر رقم برآمد کی گئی، نیب کا ادارہ ہاؤسنگ فراڈ میں برآمد رقم 1 لاکھ 77 ہزار 408 افراد کو لوٹا بھی چکا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 26 ارب روپےکی رقم متاثرین میں واپس تقسیم کی گئی، برآمد کی جانے والی رقم اور ادائیگیوں کا ریکارڈ نیب دفتر میں موجود ہے۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی سے 460 ارب کی ریکوری بھی نیب کی کوششوں سے ہوئی، لندن سے 140 ملین پاؤنڈز کی ریکوری نیب کی کوششوں سے ہی ممکن ہوئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام حساب اور اخراجات کا آڈیٹر جنرل آف پاکستان آڈٹ کر چکے ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے بھی نیب اپنا مؤقف پیش کر چکا ہے۔

نیب کا کہنا ہے کہ تمام بڑے ملزمان کے خلاف مقدمات ٹرائل یا ایپلٹ کورٹس میں ہیں، اس وقت تک نیب کے 1405 ملزمان کو سزا بھی ہوچکی ہے۔