علیم خان حمزہ شہباز کی تقریبِ حلف برداری میں شریک نہیں ہونگے

April 23, 2022

—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف سے ناراض رہنما عبدالعلیم خان آج وزیرِاعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔

عبدالعلیم خان کے ترجمان کے مطابق عبدالعلیم خان ان دنوں فیملی کے ہمراہ بیرونِ ملک نجی دورے پر ہیں، جس کی وجہ سے وہ وزیرِاعلیٰ پنجاب کی تقریبِ حلف برداری میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔

عبدالعلیم خان کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ عبدالعلیم خان گروپ کے دیگر ارکان تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوں گے۔

ترجمان عبدالعلیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان کی واپسی آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

واضح رہے کہ نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری آج متوقع ہے۔

تقریبِ حلف برداری میں وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نومنتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی اسلام آباد سے لاہور روانگی میں تاخیر ہے لہٰذا حلف برداری کی تقریب کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ تقریبِ حلف برداری شام 4 بجے ہوگی۔

اس سے قبل ایوانِ صدر کو ہائی کورٹ کا حکم موصول ہوا تھا، جس کے بعد ایوانِ صدر نے وزیرِ اعظم ہاؤس سے رائے مانگ لی تھی۔

وزیرِ اعظم ہاؤس نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو وزیرِ اعلیٰ کا حلف لینے کا مشورہ دیا تھا۔

بنی گالا کی سڑک کی تعمیر عمران خان نے کتنی رقم دی تھی؟