دھمکی آمیزخط کے بعد بہت سی باتیں ہونا شروع ہوگئیں، فرخ حبیب

April 24, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز خط کے بعد بہت سی باتیں ہونا شروع ہوگئیں، مریم نواز نے کہا تھا کہ خط سرے سے ہے ہی نہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر داخلہ نے اپنا نام خود ہی ای سی ایل سے نکال لیا، کابینہ میں جتنے ملزم ہیں وہ سب ای سی ایل سے نکل چکے، انہوں نے اپنے آپ کو این آر او ٹو دے دیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں کہ شاہ محمود قریشی نےخط خود تیار کیا، رانا ثناء اللّٰہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اس میں عدم اعتماد کا ذکر نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک میں استحکام کی ضرورت ہے اور وہ صرف الیکشن سے ہوگا، پنجاب میں جعلی وزیرِاعلیٰ کا انتخاب ہوا، پی ٹی آئی کے منحرف لوگوں نے حمزہ کو ووٹ دیا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ 63 اے کا فیصلہ آیا ہوتا تو آج اتنا عدم استحکام نہ ہوتا، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ان کو فوری ڈی سیٹ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ منحرف اراکین کو اگر ڈی سیٹ نہیں کیا گیا تو آئینی ادارے پر سوال اٹھے گا، ہم نے کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں کیا۔