صوبے میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز

May 02, 2022

اسکرین گریب

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ صوبے کے اسپتالوں میں عام آدمی کو پورا احترام ملنا چاہیے، مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اسپتالوں میں ٹیکنیکل کیڈر کی خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان بھی کیا۔

حمزہ شہباز کی زیرصدارت محکمہ صحت سے متعلق اجلاس ہوا جس میں عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی اور کہا گیاکہ اسپتالوں میں سہولتوں کی فراہمی کو کم سے کم عرصے میں مکمل کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ اسپتالوں میں خراب آلات و مشینری کو فنکشنل کرنے کیلئے ٹائم لائن کے ساتھ پلان مرتب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں ہیلتھ کارڈ جاری رہے گا، صوبے میں انسداد ڈینگی کیلئے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انسداد ڈینگی کی ٹیموں کو متحرک کیا جائے، اسپتالوں میں ادویات کی خریداری کے عمل کو بروقت مکمل کیا جائے،ادویات کی خریداری کا عمل سو فیصد شفاف ہونا چاہیے۔

حمزہ شہباز نے اسپتالوں میں علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتوں اور ہیومن ریسورس کی چیکنگ کا فیصلہ بھی کیا، اجلاس میں عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔