ہنزہ، عارضی پل کی تنصیب کا کام شروع نہ ہوسکا

May 09, 2022

اسکرین گریب

ہنزہ میں حسن آباد کے تباہ ہونے والے پل پر لوہے کے عارضی پل کی تنصیب کا کام شروع نہ ہوسکا۔

شاہراہ قراقرم متاثر ہونے کے بعد ٹریفک کو متبادل راستہ شاہراہ نگر سے گزارا جا رہا ہے، شاہراہ نگر پر سڑک تنگ ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے لیکن ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث گلیشئرز کے پگھلنے کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب علی آباد اور حسن آباد گاؤں میں پینے کے پانی اور آبپاشی کے متاثرہ منصوبوں کی بحالی جاری ہے۔

واضح رہے کہ ہنزہ کےعلاقےحسن آباد میں شیشپر گلیشئر گرمی کی شدت سے پگھل جانے پر وہاں بننے والی جھیل سے پانی کابے پناہ اخراج شروع ہوا۔

علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوجانے کے سبب پاکستان اور چین کو ملانے والا مرکزی حسن آباد پل ٹوٹ گیا اور سیلابی نالے میں بہہ گیا جس کے سبب شاہراہ قراقرم بند ہوگئی۔