عمران خان ملک کیلئے سیکیورٹی تھریٹ ہیں، سعید غنی

May 14, 2022

فوٹو: فائل

صوبائی وزیر محنت سعید غنی کاکہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ملک کے لئے سیکیورٹی تھریٹ ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو اکسا رہے ہیں اور سب کو غداری کا سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ جو عمران خان کی نااہلی پر بات کرے گا وہ غدار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران ماضی میں مودی کا ایجنٹ رہے، بش کی فتح پر نوافل ادا کیے، وہ قوم کا مجرم ہے، جس نے معیشت اور معاشرت تباہ کردی، لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ عمران ملک کے لیے خطرہ ہے۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ کئی بار اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف رہا، مگر نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے، عمران کو سیاست کرنی ہے تو سیاسی انداز سے کرے، حلیم عادل کے کرتوت سب کو پتا ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے اکثر کیسز حل کیے گئےہیں، صدر اور جامعہ کراچی واقعات کے ذمہ داروں تک بھی پہنچ جائیں گے، جامعہ میں سیکیورٹی اقدامات کرنے پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے خواتین کے ساتھ نرمی تھی، خاتون کے ملوث ہونے کے بعد اب سب کو یکساں ٹریٹ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مارچ شروع کیا،عدم اعتماد کے بعد حکومت ختم ہوئی۔

سعید غنی نےیہ بھی کہا کہ کل کراچی ایئرپورٹ ٹرمینل نمبر 1 پر بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ان کرمنلز کو پاکستان پر مسلط کریں گے، اس سے تو اچھا تھا کہ پاکستان پر ایٹم بم گرا دیتے۔