شعبہ صحت میں تحقیق کی راہ میں بڑی رکاوٹ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ہے، ماہرین

May 16, 2022

فوٹو: فائل

پاکستان میں صحت کے شعبے میں تحقیق کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) ایک بڑی رکاوٹ کے طور پر سامنے آئی ہے کیوں کہ اس کے پاس ایسے تعلیم یافتہ افراد کی شدید کمی ہے جو کلینکل ٹرائلز اور تحقیقی منصوبوں کی بروقت جانچ پڑتال کر کے ان کی منظوری دے سکیں۔

ان خیالات کا اظہار ماہرین صحت اور ریسرچرز نے پیر کے روز کراچی میں ہونے والی ریسرچ ایکسیلینس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریسرچ ایکسیلینس کانفرنس کا انعقاد فارمیوو ریسرچ فورم کے تحت کیا گیا تھا اور اس موقع پر ملک بھر سے 19 ڈاکٹروں اور ماہرین صحت کو صحت کے مختلف شعبوں میں تحقیق کے لیے 3 لاکھ روپے فی کس گرانٹ جاری کی گئی۔

کانفرنس سے آغا خان یونیورسٹی کے کلینکل ٹرائلز یونٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر سعید حامد، انڈس میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور معروف کارڈیالوجسٹ پروفیسر فیروز میمن، آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر انور صدیقی، پروفیسر بدر فیاض زبیری، سید جمشید احمد، ہارون قاسم، شوکت علی جاوید، ڈاکٹر مسعود جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آغا خان یونیورسٹی کے کلینیکل ٹرائلز یونٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید حامد کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے لوگ یورپ کے لوگوں سے نسلی اور جینیاتی طور پر مختلف ہیں، اس لیے پاکستانیوں میں دوائیں مختلف طریقے سے اثر کرتی ہیں، پاکستان میں دواؤں پر مقامی ریسرچ اور کلینکل ٹرائلز کی ضرورت ہے تاکہ مقامی بیماریوں کا مقامی حل تلاش کیا جاسکے۔

انہوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے لاکھوں مریض جینوٹائپ تھری سے متاثر ہیں جس کا علاج کافی مشکل ہے لیکن بدقسمتی سے اس جینو ٹائپ پر پاکستان میں کوئی سیرحاصل ریسرچ موجود نہیں جس کی وجہ سے ایسے مریضوں کے علاج میں کافی مشکل درپیش ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں یورپ میں بنی ہوئی کوئی بھی دوا اس وقت تک منظور نہیں کی جاتی جب تک اس دوا پر مقامی طور پر ریسرچ نہ کی جائے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان، مقامی تحقیق اور ریسرچ میں ایک بڑی رکاوٹ کے طور پر سامنے آئی ہے۔ جہاں پر قابل اور تربیت یافتہ افراد کی شدید قلت ہے جو ریسرچ کی اہمیت کو جانتے ہوئے ان منصوبوں کی جلد از جلد منظوری دے سکیں۔

فارمیوو ریسرچ فورم کے روح رواں اور پاکستان جرنل آف میڈیکل سائنسز کے ایڈیٹر شوکت علی جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے میں انتہائی کم تحقیق کی جا رہی ہے، فارمیو ریسرچ فورم حال ہی میں قائم کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد نوجوان ڈاکٹروں طلباء اور تحقیق کاروں کو صحت کے شعبے میں تحقیق کے لیے مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرنا ہے۔

مقامی دوا ساز کمپنی فارمیوو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جمشید احمد کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دوا ساز ادارے طبی تحقیق کے لیے وسائل مہیا کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کورونا وبا کے دوران محض 6 مہینے کے اندر اس بیماری کی ویکسین بنا لی گئی جس کے نتیجے میں کرہ ارض پر کروڑوں انسانی جان بچائی جا سکیں۔

سید جمشید احمد کا کہنا تھا کہ ریسرچ گرانٹس کے لیے ملک بھر سے 46 نوجوان ڈاکٹروں اور تحقیق کاروں نے درخواستیں دی تھیں جن میں سے 19 کو پانچ کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ریسرچر کو تین لاکھ روپے تک جاری کیے گئے ہیں اور ان کو 18 مہینے کے اندر اپنا ریسرچ پروجیکٹ مکمل کر کے اس کی رپورٹ جمع کروانا ہوگی۔