ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں میں ہوٹنوں کا خشک ہونا یا پھٹنا صرف موسم کی خشک ہونے یا جسم میں پانی کی کمی کا نتیجہ نہیں ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق جسم میں ضروری وٹامنز اور معدنیات کی کمی اکثر ہونٹوں کے پھٹنے اور خشک ہونے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور سردیوں میں یہ مسئلہ شدت اختیار کر جاتا ہے جس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کے ہونٹ زخمی بھی ہوجاتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق، بی کمپلیکس وٹامنز خاص طور پر بی 2 (Riboflavin)، بی3، بی6 اور بی12 کی کمی ہونٹوں کے خشک ہونے، پھٹنے اور زخمی ہونے کی وجہ بنتے ہیں، ہونٹوں کی ایسی حالت اینگولر چیلائٹس (angular cheilitis) کہلاتی ہے۔
ماہرین نے مزید بتایا کہ بی کمپلیکس وٹامنز کے علاوہ وٹامن سی کی کمی بھی جلد کو کمزور کر سکتی ہے جس کے نتیجے میں ہونٹ پھٹ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق وٹامن بی12 خون کے سرخ خلیات کی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے اس لیے اس کی کمی کی وجہ سے خون کی کمی، بےحسی، جھنجھناہٹ اور یادداشت کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایسے مسائل کو روکنے کے لیے ماہرین صحت متوازن غذا کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے مسائل کو روکنے کے لیے دودھ، دہی، انڈے، پھلیاں، سبز پتوں والی سبزیاں، گوشت، چنے، خشک میوہ جات اور کھٹے پھل جیسے مالٹے اور لیموں کو اپنی غذا میں شامل کریں۔
اس کے علاوہ ماہرین نے ڈاکٹرز کے مشورے سے بی کمپلیکس وٹامنز کے سپلیمنٹس لینے، دن میں کئی بار لپ بام یا پیٹرولیم جیلی لگانے اور مناسب ہائیڈریشن برقرار رکھنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔