• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روایتی دودھ والی چائے، بلیک ٹی یا گرین ٹی، کونسا آپشن زیادہ بہتر؟

--کولاج فوٹو: فائل
--کولاج فوٹو: فائل

چائے عوامی سطح پر روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہے۔ صبح کی شروعات دودھ والی گرم چائے سے ہو یا کام کے بعد سکون دینے والی گرین ٹی، تقریباً ہر گھر میں چائے پی جاتی ہے لیکن صحت کے نقطۂ نظر سے اکثر یہ سوال اٹھتا ہے کہ روزانہ پینے کے لیے کون سی چائے بہتر ہے؟ 

غذائی ماہرین کے مطابق دودھ والی چائے ہو، بلیک ٹی یا گرین ٹی، ہر ایک کے اپنے فوائد اور حدود ہیں۔

دودھ والی چائے

دودھ والی چائے پاکستان میں سب سے زیادہ پیا جانے والا مشروب ہے، اس میں چائے کی پتی، دودھ اور چینی شامل ہوتی ہے جو اسے تسکین بخش اور بھرپور بناتی ہے تاہم دودھ شامل کرنے سے چائے کے کچھ قدرتی اجزا کے اثرات کم ہو سکتے ہیں۔ اس کے باوجود دودھ والی چائے مکمل طور پر نقصان دہ نہیں کیونکہ دودھ میں کیلشیم اور وٹامن ڈی جیسے غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق دودھ والی چائے کھانے کے ساتھ پینے کے بجائے کھانے سے آدھا گھنٹہ قبل یا بعد میں لینی چاہیے کیونکہ یہ غذائی اجزاء کے انجذاب میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

بلیک ٹی

بلیک ٹی عام طور پر بغیر دودھ یا بہت کم دودھ کے ساتھ پی جاتی ہے اور اس کا ذائقہ نسبتاً روایتی چائے کے تیز ہوتا ہے، اس میں اکثر اوقات چینی کا استعمال بھی بہت کیا جاتا ہے، بلیک ٹی دودھ والی چائے اور گرین ٹی کے درمیان ایک متوازن انتخاب سمجھی جاتی ہے۔ 

بلیک ٹی میں ایسے اجزا ہوتے ہیں جو خون کی گردش کو بہتر بنانے اور دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں تاہم ماہرین اسے بھی کھانے کے ساتھ پینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

گرین ٹی

گرین ٹی کم پراسیس کی جاتی ہے اور عموماً بغیر دودھ اور چینی کے پی جاتی ہے، جس کی وجہ سے اس کے قدرتی فوائد محفوظ رہتے ہیں۔ 

یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے اور نسبتاً کم کیفین رکھتی ہے۔ 

گرین ٹی کو کھانے کے ساتھ بھی پیا جا سکتا ہے لیکن دن میں دو سے تین کپ سے زیادہ اس کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

ہر چائے کا اپنا ایک الگ فائدہ ہے جس کا طلب کے مطابق استعمال کیا جاتا ہے،  یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ چائے کب اور کتنی پیتے ہیں۔ 

دودھ والی چائے تسکین کے لیے موزوں ہے، بلیک ٹی ذائقے اور فوائد میں توازن رکھتی ہے جبکہ گرین ٹی اینٹی آکسیڈنٹس کے لحاظ سے بہترین آپشن ہے۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلیک ٹی اور گرین ٹی دودھ والی چائے سے نسبتاً زیادہ بہتر ہیں کیوں کہ یہ جگر کو نقصان پہنچانے کے بجائے اس کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔

صحت سے مزید